عید الفطر اور عید الاضحی کے موقع پر دعا کرنے کا طریقہ

عید الفطر اور عید الاضحی کے موقع پر دعا کرنے کا طریقہ

پیارے اسلامی بھائیوں ! میں ہوں مولانا اسعد اور میں نے اس پوسٹ میں عید الفطر اور عید الاضحی کے موقع پر دعا کرنے کا طریقہ بہت ہی خوبصورت انداز میں لکھ کر جمع کیا ہے۔ انشاء اللہ آپ کو ضرور پسند آئیگا۔

دعا عید الاضحی

یا اللہ ہمارے گناہوں کو معاف فرما۔ یا اللہ ہماری خطاؤں کو در گذر فرما۔

یا اللہ ہم سے رات کے اندھیرے میں گناہ ہوئے ہیں، دن کے اجالے میں گناہ ہوئے ہیں، یا اللہ ہماری مغفرت فرما دے، ہمارے گناہوں کو معاف کر دے۔

یا اللہ ہمیں نمازوں کی پاندی کی توفیق عطاء فرما۔یا اللہ نمازوں کو اپنے وقت پر ادا کرنے کی توفیق عطاء فرما۔

یا اللہ ہمارے نبیؐ کی سنت پر عمل کرنے کی توفیق مرحمت فرما۔یا اللہ ہمیں ہدایت عطا فرما دے، یا اللہ ہمیں دین پر چلنا آسان فرما دے۔ 

یا اللہ آج کے اس خوشی کے دن بھی کسی والدین بیمار ہونگے، کسی کے بیوی بچے بیمار ہونگے کسے کے بھائی بہن بیمار ہونگے ان سب کو صحت کاملہ عاجلہ دائمہ مستمرہ نصیب فرما۔

یا اللہ جو بے روز گار ہے انہیں روزگار عطا فرما۔ یا اللہ حلال روزی کمانے کی توفیق عطا فرما اور حرام خوری سے ہم سب کی حفاظت فرما۔یا اللہ جو مقروض ہے انہیں قرض کی ادائیگی کے شکلیں صورتیں پیدا فرمادے۔

یا اللہ حاجیوں کی مغفرت فرما اور جن کے لیے حاجی مغفرت کی دعا کریں، ان کی بھی مغفرت فرما۔

یا اللہ تونے ابراہیمؑ سے امتحان لیا، یا اللہ تونے ابراہیمؑ سے سب سے محبوب چیز کی قربانی مانگی، تیرے خلیل نے تیری رضا کے خاطر اپنے پیارے بیٹے اسماعیل کو قربان کرنے سے دریغ نہیں کیا اور اپنے بیٹے کی قربانی دینے پر راضی ہو گئے۔ یا اللہ ہم تو بہت کمزور ہیں، ہم سے امتحان نہ لینا۔

یا اللہ ہمیں ہر قسم کی آزمائشوں سے اپنی رحمتوں میں رکھنا مولا۔ یا اللہ ہر قسم کی بلا اور وبائی بیماریوں سے ہم سب کی حفاظت فرما۔

یا اللہ جن کے والدین، رشتہ دار، دوست احباب دنیا سے چلے گئے ہیں ان کی مغفرت فرما، ان کے تمام گناہوں کو معاف فرما، ان کی قبروں کو نور سے منور فرما، انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرما۔

یا اللہ ہم نے آنکھوں سے بہت گناہ کیے ہیں، کانوں سے بہت گناہ کیے ہیں، زبانوں سے بہت گناہ کیے ہیں، یا اللہ اپنے فضل و کرم سے ہمیں معاف کر دے۔ یا اللہ ہمارے حال پر رحم فرما دے، یا اللہ ہمیں معاف فرما۔یا اللہ مغفرت عطا فرما دے۔ یا اللہ جہنم سے آزادی عطا فرما دے۔ 

یا اللہ تیری ذات کریم ہے، تو بادشاہوں کا بادشاہ ہے، تو مالک الملک ذوالجلال والاکرام ہے، یا اللہ تو ہمیں جہنم سے خلاصی کا پروانہ عطاء فرمادے۔

یا اللہ ہم سب کی قربانی کو قبول فرمالینا۔ یا اللہ قربانی کے دوران ہونے والی غلطیوں کوتاہیوں اور خامیوں کو معاف فرمادینا۔ 

یا اللہ آج عید کا دن ہے، آج خوشیوں کا دن ہے، یا اللہ خوشی کے اس موقع پر ہمیں کمزور لوگوں کا خیال رکھنے کی توفیق عطاء فرما۔یااللہ ہمیں قربانی کا جذبہ سمجھنے اور سارا سال اس پر عمل کرنے کی توفیق عطاء فرما۔

یا اللہ ہم پر رحم کا کرم کا عافیت کا معاملہ فرما۔ یا اللہ ہم سب کی مغفرت فرما۔ اس پورے مجمع کی مغفرت فرمادے۔

یا اللہ جو مانگا وہ بھی عطا کر دے، جو مانگنے سے رہ گیا اگر وہ ہمارے حق میں بہتر ہو تو وہ بھی عطا فرما دیں۔

یا اللہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے جتنی بھی خیر کے لائن سے دعائیں مانگی ہے اس میں ہمارا بھر پور حصہ عطا فرما اور جتنی بھی شرور و فتن سے پناہ چاہی ہے ان سب سے ہماری اور پوری امت کی حفاظت فرما۔

یا اللہ ہماری دعاؤں کو محض اپنے فضل و کرم سے نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقہ طفیل میں قبول فرماں۔

دعا عید الفطر

یا اللہ ہم اقرار کرتے ہیں کہ تو نے ہمیں روزہ رکھنے کا موقع دیا، تو نے جیسا روزہ مانگا ویسا روزہ رکھنا ہمیں نہیں آیا، ہمیں تراویح پڑھنا بھی نہیں آئی پڑھانا بھی نہیں آئی، یا اللہ کل تو انعام کی رات تھی، بدلے کی رات تھی ، مزدوروں کو پوری مزدوری ملنے کی رات تھی، یا اللہ تیرے اچھے اچھے نیک بندوں کو کل رات بڑے بڑے انعام ملے ہوں گے، یا اللہ تو نے ولیوں کو انعام دیے ہوں گے، نیک لوگوں کے انعام دیے ہونگے، صدیقین کو انعام دیے ہوں گے، یا اللہ ہم گناہ گاروں کو بھی دے دے یا اللہ ۔ یا اللہ تو ہمیں معافی کا پروانہ دے دے۔ یا اللہ رحمت عطاء فرما دے۔

 یا اللہ تیرے جو بندے اعتکاف میں بیٹھے ہوئے تھے یا اللہ ان کے اعتکاف کو قبول فرما، ان کی مغفرت فرما، ان کی تمام جائز تمناؤں کو پورا فرما۔

یا اللہ ہمارے روزوں کو قبول فرما، ہماری تراویح کو قبول فرما، تراویح میں قرآن سننے سنانے کو قبول فرما۔ یااللہ ہمارے زکوۃ کو قبول فرما، ہمارے صداقات کو قبول فرما۔

یا اللہ یا اللہ جب ہم خطبے کے بعد گھر لوٹ کر جائے تو ایسے جائے جیسے ہم آج ہی ماں کے پیٹ سے پیدا ہوئے ہوں، ہمارا کوئی گناہ نہ ہو، یا اللہ ایسا کرم فرما دے یا اللہ ، رحم فرمادے یا اللہ ، مغفرت فرما دیں یا اللہ ۔

ربنا تقبل منا انک۔۔۔۔

 

Leave a Comment